سرینگر//
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو ادھمپور،بارامولہ،سرینگر ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) منصوبہ کے افتتاح پر جموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ترقی کی نئی شہ رگ ثابت ہوگا اور خطے کی پیش رفت کو ناقابل روک بنا دے گا۔
شاہ نے یہ بھی کہا کہ آج دو وندے بھارت ٹرینوں کا افتتاح ماتا ویشنو دیوی کے مذہبی سیاحت کو فروغ دے گا، جبکہ ۲۴ہزار کروڑ روپے کے صحت اور روڈ منصوبے خطے کے عوام کے معیار زندگی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا’’جموں و کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو وزیراعظم نریندرا مودی جی کے ذریعہ آج ادھمپور،سرینگر،بارامولہ ریل لنک منصوبہ کے افتتاح پر مبارکباد۔ یہ ترقی کی نئی شہ رگ بنے گا، جس سے خطے کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکے گا‘‘۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا ’’آج جن دو وندے بھارت ٹرینوں کو سبز جھنڈی دکھائی گئی ہے، وہ ماتا ویشنو دیوی کے مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر خطے کی ہم آہنگ ثقافت کو مزید تقویت بخشیں گی۔ جبکہ ۲۴۰۰ کروڑ روپے کے نئے صحت اور روڈ منصوبے معیار زندگی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے‘‘۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب وزیراعظم نریندر مودی نے چناب پل سمیت یو ایس بی آر ایل ریل منصوبہ کا افتتاح کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی ترقی کے نئے دور کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر خطاب میں وزیراعظم نے کشمیر کے نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل کا بھی عہد کیا تھا۔