سرینگر//
نیشنل کانفرنس نے پیر کو الیکشن کمیشن آف انڈیا سے درخواست کی کہ وہ جموں و کشمیر کی راجیہ سبھا کی نشستوں کیلئے انتخابات منعقد کرے، این سی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد چھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔
جموں کشمیر کی حکمران جماعت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ جبکہ انتخابی پینل نے چار ریاستوں میں اسمبلی نشستوں کے ضمنی انتخابات کا اعلان کیا ہے، اس نے بڈگام اور نگروٹا اسمبلی حلقوں کو چھوڑ دیا۔
این سی کے چیف ترجمان تنویر صادق نے یہاں صحافیوں سے کہا’’جموں و کشمیر کو راجیہ سبھا میں نمائندگی کا حق ہے۔ میں الیکشن کمیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ جلد از جلد انتخابات کرائے کیونکہ راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر کی کوئی نمائندگی نہیں ہے‘‘۔
صادق نے کہا کہ اسمبلی کے انتخابات کے جموں اور کشمیر میں ہوئے ہوئے چھ ماہ سے زیادہ ہوگئے ہیں لیکن راجیہ سبھا کی نشستیں ابھی بھی خالی ہیں۔ ’’چھ سات ماہ گزر جانے کے باوجود، جمو ںاور کشمیر سے راجیہ سبھا کی نشستوں کے انتخابات نہیں ہوئے۔ مزید یہ کہ ہر جگہ ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں سوائے بڈگام اور نگروٹا کے۔ جمو اور کشمیر میں ہی تاخیر کیوں ہے؟‘‘
بڈگام اسمبلی حلقہ اس وقت خالی ہوا جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اسے چھوڑنے کا فیصلہ کیا تاکہ گاندر بل میں برقرار رہ سکیں، جبکہ نگروٹا اسمبلی کی نشست بی جے پی کے رہنما اور موجودہ ایم ایل اے دیوندر رانا کی موت کے بعد خالی ہوئی جو پچھلے سال کے اسمبلی انتخابات کے فوراً بعد ہوئی۔
صادق کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس ریاستی درجے اور خصوصی درجے کی بحالی کے ایجنڈے پر قائم و دائم ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’ورکنگ کمیٹی نیشنل کانفرنس کی اہم گورننگ باڈی ہے اور یہی پارٹی کا ایجنڈا طے کرتی ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہم ریاستی درجے اور خصوصی درجے کی بحالی کے ایجنڈے پر قائم و دائم ہیں۔‘‘
اس دوران الیکشن کمیشن نے پیر کے روز آسام سے راجیہ سبھا کی دو اور تمل ناڈو کی چھ نشستوں کے لیے ۱۹ جون کو انتخابات کا اعلان کیا، جن کے موجودہ منتخب اراکین کی مدت جون، جولائی میں ختم ہو رہی ہے ۔ ان نشستوں کے انتخاب کا نوٹیفکیشن ۲جون کو جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان نشستوں کے موجودہ منتخب اراکین کی مدت ۱۴جون اور۲۴جولائی کو ختم ہو رہی ہے ۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ان نشستوں پر الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی بروز پیر۹جون تک بھرے جاسکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ۱۰جون کو ہوگی۔ نام واپس لینے کی آخری تاریخ ۱۲جون طے کی گئی ہے ۔ ان سیٹوں کے لیے ووٹنگ ۱۹جون کو صبح۹بجے سے شام ۴بجے تک ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی اسی دن شام۵بجے ، ووٹنگ مکمل ہونے کے ایک گھنٹے بعد کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی عمل ۲۳جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آسام سے راجیہ سبھا کے رکن مشن رنجن داس اور بیریندر ( بی جے پی) کی میعاد ۱۴جون کو ختم ہو رہی ہے ۔ تمل ناڈو کی نمائندگی کرنے والے چھ اراکین کی مدت۲۴جولائی کو ختم ہو رہی ہے ۔ ان میں ڈاکٹر انبومنی رامادوس (پٹالیمکل کچی)، ایم شنموگم (ڈی ایم کے )، این چندر شیکھرن (ڈی ایم کے )، محمد عبداللہ (ڈی ایم کے )، پی ویلسن (ڈی ایم کے ) اور وائیکو (ایم ڈی ایم کے ) شامل ہیں۔