جموں//
جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے ایل او سی سے متصل دگوار سیکٹر میں ہفتہ کی دوپہر بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق، یہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب فوجی دستے اگلی چوکیوں پر گشت پر مامور تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والے فوجی حوالدار کو فوری طور پر ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔
ادھر سنیچر کی صبح ضلع سانبہ کے ریگل بارڈر آؤٹ پوسٹ کے قریب ایک مارٹر شیل کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے تباہ کردیا۔ حکام نے بتایا کہ شیل کی موجودگی کی اطلاع مقامی لوگوں نے پولیس کو دی تھی، جس کے بعد ماہرین کی ٹیم موقع پر پہنچی اور شیل کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے ناکارہ بنایا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد سے متصل دیہات میں درجنوں غیر پھٹے گولے اور دیگر اسلحہ بارود کو فوج اور پولیس کی بم ناکارہ بنانے والی ٹیموں نے کامیابی سے تلف کیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ۷مئی کو ہندوستان نے ’آپریشن سندور‘کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ہدفی کارروائیاں کی تھیں، جو ۲۲؍اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے ردعمل میں انجام دی گئیں۔