سرینگر///
بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ نے جمعرات کو’آپریشن سندور‘کا جشن منانے کیلئے یہاں شیر کشمیر پارک سے لال چوک تک ایک ترنگا ریلی کا اہتمام کیا۔
ریلی میں بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔انہوں نے ہاتھوں میں ترنگے اٹھا رکھے تھے اور وہ ملک کے حق میں نعرے لگا رہے تھے ۔
اس موقع پر بی جے پی لیڈر اور جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن‘درخشاں اندرابی نے میڈیا کو بتایا’’یہ ریلی ملک کے تئیں ہمارے محبت کی علامت ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ملک کی فوج نے پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کرکے دنیا کو یہ دکھا دیا کہ وہ کس قدر طاقتور ہے ‘‘۔
اندرابی کا کہنا تھا’’پاکستان ہمیشہ امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے ‘‘۔
موصوفہ نے کہا’’ہمارے وزیر اعظم ہمیشہ وہ کام کرتے ہیں جو ملک کے لئے صحیح ہوتا ہے‘‘۔
وقف چیئر پرسن نے کہا’’ہم آپریشن سندور کی کامیابی کیلئے اپنے فوج جوانوں کو سلام کرتے ہیں‘‘۔
ایک کارکن نے لالچوک میں میڈیا کو بتایا’’ہم آج یہاں آپریشن سندور کی کامیابی کے لئے خوشی منا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا‘‘ہم یہ جشن منا رہے ہیں کیونکہ ملک کی فوج نے پاکستان کو شکست دے کر کامیابی کا جھنڈا گاڑ دیا ہے اور آپریشن سندر اپنا مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے ‘‘۔
کارکن کا کہنا تھا’’ہماری دو بہنوں نے پاکستان پر حملہ کیا جو ہمارے ملک کے لئے ایک شان ہے ‘‘۔
ایک اور کارکن نے کہا’’ہم اپنے وزیر اعظم کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔پاکستان پر حملہ کیا گیا اور وہاں جو دہشت گرد ٹھکانے تھے ان کو تباہ کر دیا گیا۔‘‘