سرینگر/۵مئی
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے فوج نے اپنی نگرانی اور چوکسی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے ۔
پاکستانی رینجرس کی طرف سے مسلسل فائرنگ اور دراندازی کی کوششوں کے پیش نظر ہندوستانی فوج نے اپنے دفاعی اقدامات مزید مستحکم کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ایل او سی کے مختلف سیکٹروں میں فوج کی نگرانی کا عمل مزید مضبوط کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد گروہ کو دراندازی کرنے کا موقع نہ مل سکے ۔ بھارتی فوج نے علاقے میں فوجی چوکسی کو بڑھا کر سرحدوں کو مزید محفوظ بنایا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ‘پاکستانی فوج فائرنگ کی آڑ میں دہشت گردوں کو ایل او سی کے اس پار سے دراندازی کے لیے کور فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، لیکن ہندوستانی فوج مکمل چوکسی کے ساتھ ہر نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔’معلوم ہوا ہے کہ ایل او سی پر گزشتہ گیارہ دنوں سے لگاتار گولہ باری جاری رہنے کی وجہ سے لوگ گھروں کو چھوڑنے کے بجائے رات کے اوقات میں اپنے بینکروں میں قیام کر رہے ہیں۔
ملٹری ذرائع کے مطابق سرحد پر تعینات دستے مسلسل ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ جدید نگرانی کے آلات، ڈرونز، سینسرز اور تھرمل امیجنگ کیمروں کے ذریعے نقل و حرکت پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے ۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ مسلسل گولہ باری کے پیش نظر نگرانی کے تمام پہلو¶ں کو ازسر نو منظم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کو فوری طور پر روکا جا سکے ۔
ذرائع کے مطابق”ایل او سی کے حساس علاقوں میں گشت کی شدت میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ رات کے وقت علاقے کو روشن کرنے کےلئے فضا میں روشنی والی گولیاں داغی جا رہی ہیں“۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ حال ہی میں بھارت اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر ایک اہم گفتگو ہوئی تھی، جس میں بھارت نے پاکستان کو انتباہ دیا تھا۔ اس کے باوجود، سرحد پار سے فائرنگ کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی۔
دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے بار بار فائرنگ دراصل بھارت پر دبا¶ بڑھانے کی کوشش ہے تاکہ دہشت گرد عناصر کو دراندازی کا موقع ملے۔تاہم ہندوستانی فوج کی بروقت اور موثر کارروائی نے اب تک ہر ایسی کوشش کو ناکام بنایا ہے ۔