سرینگر//
جموں کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ۲۶ افراد کی ہلاکت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اپنا سعودی عرب کا دورہ مختصر کرکے آج رات ہندوستان روانہ ہوں گے۔
اس حملے میں پہلگام میں سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا، جو سرینگر سے سڑک کے ذریعے تقریباً۹۰ کلومیٹر دور واقع ہے۔
اس سے پہلے آج جیسے ہی حملے کی خبر پھیلی‘ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو فون کیا اور انہیں مرکز کے زیر انتظام علاقے کا دورہ کرنے کے لئے کہا۔
امیت شاہ رات نو بجے کے کچھ دیر بعد سرینگر پہنچے اور ہوائی اڈے سے سیدھے راج بھون پہنچے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ڈائرکٹر جنرل نلن پربھات نے وزیر داخلہ کو ان کی آمد پر بریفنگ دی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلی عمر عبداللہ، مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن اور انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا بریفنگ کے وقت موجود تھے۔