نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی سے لڑنے کا عزم غیر متزلزل ہے ۔
اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر وزیر اعظم نے اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنی حرکت کے قصوروا روں کو بخشا نہیں جائے گا۔
وزیراعظم مودی نے کہا’’میں پہلگام، جموں و کشمیر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ ان لوگوں کے تئیں تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے ۔ میری دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہو جائیں۔ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے ‘‘۔
مودی نے کہا ’’اس گھناؤنی حرکت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، ان کا قبیح ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ مزید مضبوط ہو گا‘‘۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعظم کو اس واقعہ کے بارے میں آگاہ کردیا ہے ۔
شاہ تمام ایجنسیوں کے ساتھ فوری سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے لیے سری نگر روانہ ہوگئے ہیں۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اِظہار کیا ہے۔
عمرعبداللہ نے اس حملے کو ایک’’ گھنائونی ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم سیاحوں کو نشانہ بنانا سراسر سفاکانہ اور اِنسانیت سوز فعل ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اَپنے سخت بیان میں کہا،’’یہ حملہ ہمارے سیاحوں پر گھنائونا ہے۔اِس حملے میں ملوث اَفراد جانور ہیں جو غیر اِنسانی اور قابل نفرت ہیں۔ اِس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔‘‘
سنہا نے حملے میں جاں بحق اَفراد کے لواحقین سے دِلی ہمدردی کا اِظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی وشفایابی کیلئے دُعا کی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وہ اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وزیر صحت سکینہ اِیتو سے بھی بات کی ہے جو زخمیوں کے علاج اور اِمدادی اِنتظامات کی نگرانی کیلئے فوری طور پر ہسپتال پہنچیں۔
عمرعبداللہ نے اعلان کیا کہ وہ فوری طور پر سری نگر روانہ ہو رہے ہیں تاکہ صورت حال کی ذاتی طور پر نگرانی کر سکیں اور متاثرین اور اُن کے کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’ میں نے اپنی ساتھی سکینہ اِیتو سے بات کی ہے اور وہ زخمیوں کے اِنتظامات کی نگرانی کیلئے ہسپتال جاچکی ہیں۔ ‘‘
اِس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے فون پر پہلگام سیاحتی مقام پر پیش آئے افسوسناک واقعہ کے بارے بات چیت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پہلگام اور اننت ناگ میں سیاحوں پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے دہشت گردانہ حملے کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل پولیس اور سینئر سیکورٹی حکام سے بات کی۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ اِس گھناؤنے حملے میں ملوث اَفراد کو بخشا نہیں جائے گا۔
سنہا نے ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی اِمداد فراہم کی جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ ایکس ‘‘ پر بیان جاری کیا،’’میں پہلگام میں سیاحوں پربُزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ میںلوگوں کو یقین دِلاتا ہوں کہ اِس گھناؤنے حملے میں ملوث اَفراد کو سزا ضرور دِی جائے گی۔ میں نے ڈِی جی پی اور سیکورٹی حکام سے بات کی ہے۔ فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے‘‘۔
سنہا کا مزید کہنا تھا’’میں نے ضلعی اِنتظامیہ اور صحت کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ پہلگام میں داخل زخمیوں کو فوری طبی اِمداد فراہم کی جائے۔ ایک زخمی سیاح کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی و شفایابی کیلئے دعا گو ہوں۔‘‘