سرینگر//
جموں کشمیر میں تین روزہ بارشوں کے بعد موسم میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اپریل کے آخر تک کسی بڑی موسمی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور آئندہ دنوں میں موسم مجموعی طور پر خشک اور گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق۲۲؍اور۲۳؍اپریل کو وادی سمیت پورے جموں و کشمیر میں موسم خشک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ۲۴؍اور۲۵؍اپریل کی دوپہر کچھ علاقوں میں دوبارہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ممکنہ ژالہ باری متوقع ہے ، مگر یہ سلسلہ بھی مختصر اور مقامی نوعیت کا ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ۲۶؍سے ۳۰؍اپریل کے دوران موسم پھر سے خشک رہنے کی توقع ہے اور مجموعی طور پر رواں مہینے کے آخر تک کوئی بڑی موسمی سرگرمی متوقع نہیں ہے ۔
دریں اثنا، وادی اور جموں کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب کا درجہ حرارت معمول سے۰سے۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
سیاحتی مقام گلمرگ سب سے سرد مقام رہا جہاں درجہ حرارت ۶ء۰ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں خطے میں بانہال سب سے سرد مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۷ڈگری ریکارڈ ہوا ہے ۔