سرینگر//
جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) نالین پربھات نے جمعے کے روز کہا کہ یونین ٹریٹری میں انسداد دہشت گردی گرڈ کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ سیکورٹی صورتحال کو مستحکم اور دیرپا بنایا جا سکے ۔
اطلاعات کے مطابق منی گام گاندربل میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران ڈی جی پی نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فورس کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے ، اور اب سائبر جرائم سے نمٹنے کیلئے بھی جدید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پربھات نے کہا’’ہم جموں کشمیر میں انسداد دہشت گردی کے گرڈ کو مزید موثر اور مضبوط بنا رہے ہیں تاکہ کسی بھی خطرے سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔ ساتھ ہی ہم سائبر جرائم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھی اپنی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں‘‘۔
ڈی جی پی نے مزید کہا کہ پولیس فورس کو جدید سہولیات اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ بدلتے ہوئے جرائم کی نوعیت سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔’’ہم مرکز اور وزارت داخلہ کے شکر گزار ہیں جو ہمیں ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کر رہے ہیں‘‘۔
پربھات نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’جموں کشمیر پولیس اپنے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔ ان کی قربانیاں ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں اور ان کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا‘‘۔
پاس آؤٹ ہونے والے نوجوان اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا’’آج آپ ملک کی بہترین اور بہادر پولیس فورس کا حصہ بن چکے ہیں۔ میں آپ میں نظم و ضبط، عزم اور خدمت کا جذبہ دیکھ رہا ہوں، اور امید کرتا ہوں کہ آپ جموں و کشمیر کے امن اور ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے‘‘ ۔
ڈی جی پی نالین پربھات نے کہا کہ پولیس فورس کی ذمہ داریاں صرف سکیورٹی تک محدود نہیں بلکہ عوامی فلاح، انصاف کی فراہمی اور قانون کی عملداری کا تحفظ بھی پولیس کا اولین فرض ہے ۔