سرینگر//
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے بدھ کے روز کولگام میں وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف ایک پُرامن احتجاجی جلوس نکالا، جس میں بڑی تعداد میں مقامی شہریوں اور پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔
اطلاعات کے مطابق، جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پی ڈی پی کے سینئر رہنما سرتاج مدنی کی قیادت میں یہ احتجاجی جلوس نکالا گیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف نعرے درج تھے ۔
اس موقع پر پی ڈی پی کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقف ترمیمی ایکٹ ’مسلم کش‘ہے اور اسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے اس قانون کو واپس نہ لیا تو پارٹی احتجاجی تحریک کو ریاست بھر میں وسعت دے گی۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی نے شروع سے ہی وقف ترمیمی ایکٹ پر اپنا مؤقف واضح کیا ہے کہ پارٹی اس کے خلاف پرامن احتجاج جاری رکھے گی۔
عینی شاہدین کے مطابق، پی ڈی پی کے احتجاج کے پیشِ نظر کولگام میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے ۔