نئی دہلی//عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے منگل کے روز کہا کہ گزشتہ 10 برسوں سے دہلی میں چل رہا 24 گھنٹے بجلی کا نظام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے صرف دو مہینے میں ٹھپ کر دیا ہے۔
محترمہ آتشی نے چھتر پور اسمبلی حلقے کے امبیڈکر کالونی علاقے کا دورہ کیا اور بجلی کٹوتی سے پریشان لوگوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا، ’’دہلی میں جگہ جگہ بجلی جانے کی شدید پریشانی ہو رہی ہے۔ بی جے پی حکومت کو دہلی آئے ابھی دو مہینے بھی مکمل نہیں ہوئے اور اس نے گزشتہ 10 برسوں سے قائم 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا نظام برباد کر دیا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کے بجلی وزیر ہر جگہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ دہلی میں بجلی کٹوتی نہیں ہو رہی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ملک کی راجدھانی دہلی کو بجلی دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت میں 24 گھنٹے بجلی دینے والا شہر اب کئی گھنٹوں کی طویل پاور کٹ کا سامنا کر رہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نےکہا، ’’چھتر پور میں لوگ بجلی کٹوتی سے پریشان ہیں۔ یہاں روزانہ کئی کئی گھنٹے بجلی نہیں آتی، ایک دن میں کئی بار بجلی جاتی ہے۔ پہلے جہاں بجلی اور پانی باقاعدگی سے آتے تھے، اب گھنٹوں بجلی نہیں آتی اور گزشتہ دو مہینے سے پانی بھی 8-10 دن میں ایک بار آتا ہے، وہ بھی تب جب بجلی چلی جاتی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ جب ابھی گرمیوں کی شروعات ہی ہوئی ہے اور روزانہ گھنٹوں بجلی جا رہی ہے، تو مئی-جون کے مہینوں میں حالات مزید خراب ہونے کے خدشات ہیں۔