سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں کروڑوں روپے مالیت کی زرعی اراضی کی صورت میں غیر منقولہ جائیداد ضبط کی ہے ۔
پولیس کے مطابق یہ جائیداد ان تین افراد کی ہے جو غیر قانونی طور پر اسلحہ اور گولہ بارود کی تربیت حاصل کرنے کے لیے پاکستان چلے گئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج گاندربل کی عدالت نے پولیس اسٹیشن کھیر بھوانی میں یو اے پی اے کے تحت درج ایف آئی آر۲۰۰۹/۴۸کے مطابق یہ کارروائی انجام دینے کا حکم دیا۔
ترجمان نے کہا کہ جن افراد کی جائیدادیں ہیں ان کی شناخت فردوس احمد وانی ولد مرحوم غلام رسول وانی ساکن تریسہ صفا پورہ، محمد رمضان بٹ ولد مرحوم غلام رسول بٹ ساکن بٹہ پورہ صفا پورہ اورمحمد ایوب گنائی ولد مرحوم غلام رسول گنائی پہلی پوہ صفا پورہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان کے مطابق ضبط شدہ جائیداد ۹کنال۷مرلہ ہے جس کی قیمت ۳کروڑ۴۷لاکھ روپے ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ کن قدم ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی جاری کوششوں کا ایک حصہ ہے جو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے ) کے دائرے میں آتے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف گاندربل پولیس کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کارروائی گاندربل پولیس کے زیرو ٹالرنس اپروچ کے بارے میں ایک مضبوط پیغام بھیجتی ہے ۔