نئی دہلی/۴اپریل
وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے 19 اپریل کو وندے بھارت ٹرین کے افتتاح سے قبل ناردرن ریلوے اور یو ایس بی آر ایل کے عہدیداروں نے آج سرینگر سے کٹرا تک ریلوے ٹریک کا معائنہ کیا۔
عہدیداروں نے ایک خصوصی معائنہ ریل کار میں سرینگر سے کٹرا تک ریلوے ٹریک اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔
معائنہ ٹیم کی قیادت جی ایم ناردرن ریلوے اشوک کمار ورما نے کی۔ انہوں نے سرینگر اور کٹرا کے درمیان بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر وندے بھارت ٹرین کے افتتاح کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ جی ایم ناردرن ریلوے نے ریلوے ٹریک کا معائنہ کیا اور سری نگر سے کٹرا تک ٹرین چلائی گئی۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ اعلی عہدیدار نے 19 اپریل کو ہونے والی کشمیر ریل سروس کی افتتاحی تقریب کےلئے متعدد ریلوے اسٹیشنوں پر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ کل ہفتہ کو وندے بھارت ریل چلانے کا پروگرام ہے لیکن ابھی وقت کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جی ایم ناردرن ریلوے کل ایک روزہ دورے پر سرینگر پہنچے اور آج انہوں نے کشمیر ریل پروجیکٹ کے سرینگر اور کٹرا سیکشن کے درمیان ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کیا۔ ورما آج شام ہوائی جہاز کے ذریعے دہلی لوٹنے والے ہیں۔
آخری اطلاعات ملنے تک خصوصی معائنہ ریل کار سنگلدن ریلوے اسٹیشن کو عبور کر چکی تھی۔