چنئی// انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں چنئی سپر کنگز کے لیے کھیل رہے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی چست اسٹمپنگ کی کئی سابق کرکٹرز نے تعریف کی ہے۔
دھونی بھلے ہی 43 سال کے ہوں لیکن وکٹ کے پیچھے ان کی کارکردگی اب بھی دیکھنے کے لائق ہے۔ دھونی نے اتوار کو آئی پی ایل 2025 میں ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے خلاف میچ میں نور احمد کی گیند پر جس طرح سوریہ کمار یادو کی اسٹمپنگ کی وہ قابل ستائش تھی اور اس کے لئے سی ایس کے کے ٹیم میٹ میتھیو ہیڈن ایک بار پھر ان کے مرید ہوگئے۔ یہ گوگلی گیند سوریہ کمار یادو کے باہری کنارے کو بیٹ کرتے ہوئے جیسے ہی دھونی کے دستانوں میں پہنچی، دھونی نے گلیوں کو اڑانے میں سیکنڈ کے آٹھویں حصے سے بھی کم (0.12 سیکنڈ) لیا۔ اس گیند پر سوریہ کمار یادو 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے اور 51 رنز کی شراکت ٹوٹ گئی تھی اوراس کے بعد سی ایس کے نے میچ میں واپسی کرلی تھی۔
ہیڈن نے ٹی-20 ٹائم آؤٹ شو میں کہا کہ دھونی آج شاندار تھے۔ ایسی گیندوں کو کلیکٹ کرنا قدرے مشکل ہوتاہے کیونکہ بلے باز بھی گیند کے زاویے میں آجاتا ہے۔ لیکن انہوں نے اسٹمپنگ میں جلدی دکھائی۔ وہ اب بھی بہترین ہیں۔
سی ایس کے، کے کپتان روتوراج گائیکواڑ نے کہا کہ دھونی وکٹ کیپنگ کی سخت مشق کرتے ہیں۔ دریں اثنا، ان کے سی ایس کے کے ساتھی پیوش چاولہ نے کہا کہ انہوں نے اس سیزن سے پہلے نور کے خلاف کیپنگ کی مشق کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے پہلے کسی باؤلر کے خلاف کیپنگ کی پریکٹس نہیں کی تو یہ مشکل ہوتاہے۔ میرے خیال میں انہوں نے سیزن سے پہلے نور کے خلاف کیپنگ کی مشق کی ہوگی۔ وہ اکثر نئے گیند بازوں کے خلاف ایسا کرتے ہیں۔ تاہم میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا تھا کیونکہ میں ان کے خلاف پہلے بھی گیندبازی کرچکا تھا۔ تاہم وہ یہ کام نئے گیند بازوں اور خاص طور پر کلائی اسپنرز کے خلاف کرتے ہیں۔ صرف 10-12 گیندوں پر اس کی مشق کرنے سے، وہ بولر کی کلائی کی پوزیشن کو سمجھ لیتے ہیں۔