جموں//
جموں کی ایک عدالت نے سابق وزیر غلام محمد سروری کی طرف سے دائر ہتک عزت کے مقدمے کے سلسلے میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رکن اسمبلی معراج ملک کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کی ہے ۔
جموں کے اسپیشل ایکسائز موبائل مجسٹریٹ نے پولیس اسٹیشن گنڈوہ کے ایس ایچ او کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملزم کو گرفتار کرکے ۱۴مئی کو عدالت میں پیش کریں۔
عدالت نے۱۷مارچ کے اپنے حکم میں کہا ہے ’’ملزم معراج الدین ملک ولد شمس الدین ملک ساکن ٹنڈلہ ڈوڈہ پر تعزیرات ہند کی دفعہ۴۹۹کے تحت جرم کا الزام لگایا گیا ہے ۔ آپ کو مذکورہ ملزم کو گرفتار کرنے اور ۱۷مئی۲۰۲۵کو میرے سامنے پیش کرنے ہدایت دی جاتی ہے ‘‘۔
ذرائع کے مطابق سرووری نے تعزیرات ہند (ہتک عزت) کی دفعہ۴۹۹کے تحت جرم کی شکایت درج کرائی تھی اور ان کا دعویٰ ہے کہ معراج ملک نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کلپس میں ان کے خلاف’بدنیتی پر مبنی اور ہتک آمیز زبان‘استعمال کی ہے ۔