سرینگر//
پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں چوری کے ایک معاملے کو حل کرکے لاکھوں رویے مالیت کا مسروقہ سونا بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن لار کو ۱۲ ستمبر۲۰۲۴کو عبدالرحمان شاہ ولد غلام محمد شاہ ساکن چک یانگورہ کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ۱۱؍اور۱۲ستمبر کی درمیانی شب کچھ نا معلوم چور اس کے گھر میں گھس گئے اور سونا اور نقدی رقم اڑا لے گئے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران امتیاز احمد گورو ولد گلزار احمد ساکن اتھکھورو رابی تار حال پارمپورہ، ہلال احمد ڈار ولد غلام محمد ساکن گنڈ روشن رابی تار،عادل احمد صوفی ولد محمد افضل ساکن گنڈ روشن رابی تار، جاوید احمد میر ولد محمد شفیع ساکن گذ ہامہ گاندربل اور لطیف احمد ڈار ولد حبیب اللہ سالن وانگی پورہ سمبل نامی کچھ مشکوک افراد کو پولیس اسٹیشن لار پر پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پوچھ تاچھ کے دوران ان ملزموں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اس جرم کا ارتکاب کیا ہے اور یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ وادی کے مختلف پولیس تھانوں میں درج کئی چوری کے معاملوں میں بھی ملوث ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ان کے انکشاف پر۵لاکھ ۵۰ہزار۵سو۸۸روپیے مالیت کا سونا بر آمد کیا گیا جس میں سونے کے۳پائونڈ،سونے کی ۸؍انگوٹھیاں‘ سونے کے۲بالی جوڑے ‘ایک جوڑا جمکا اور ایک سونے کی چین شامل ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس جرم کے ارتکاب کیلئے استعمال کی جانی والی ایک آلٹو گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔