سرینگر//
شمالی ضلع کپواڑہ کے زچلڈارہ وڈی پورہ علاقے میں آگ کی واردات میں آٹھ دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح دس بجکر ۲۲منٹ پر زچلڈارہ وڈی پورہ میں شاپنگ لائن سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً کئی ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرچہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں آٹھ دکانیں خاکستر ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ایک عام شہری جس کی شناخت غلام محمد ڈار کے بطور ہوئی جھلس جانے سے زخمی ہوا اور اسے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ زچلڈارہ وڈی پورہ میں جمعرات کی صبح شاپنگ لائن سے آگ نمودار ہوئی جس نے کئی ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عہدیداروں نے کہاکہ فائر عملے کی انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں شاپنگ لائن کی دوسری منزل میں آٹھ کمرہ نما دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔