جموں/ 4 مارچ
جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ مختلف محکموں میں 32474 عہدے خالی ہیں۔
ایم ایل اے ہندواڑہ سجاد غنی لون کے سوال کے تحریری جواب میں چیف منسٹر عمر عبداللہ نے ایوان کو بتایا کہ 31 جنوری 2025 تک مختلف محکموں میں 32474 عہدے خالی ہیں۔
جواب کے مطابق 2503 گزیٹیڈ اسامیاں، 19214 نان گزیٹیڈ اسامیاں اور 10757 ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف کی آسامیاں ہیں۔
حکومت کے مطابق 16 اکتوبر 2024 کو عمر عبداللہ کی قیادت والی منتخب حکومت کے حلف لینے کے بعد سے جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کو 3727 خالی آسامیوں کو بھیجا گیا ہے۔
ان میں سے 738 گزیٹیڈ عہدے، 1754 نان گزیٹیڈ عہدے اور 1235 ملٹی ٹاسکنگ سلاٹ ہیں۔
حکومت نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اس نے ایس ایس بی اور پی ایس سی کے ذریعہ منعقدہ بھرتی امتحانات میں شامل ہونے والے طلباءسے14.17 کروڑ روپے کی امتحانی فیس وصول کی ہے۔
ایم ایل اے کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا حکومت ملازمت کے خواہشمندوں کے لئے جاب درخواست فارم فیس دینے کا ارادہ رکھتی ہے ، حکومت نے کہا کہ حکومت ایسی کسی تجویز پر غور نہیں کررہی ہے۔
فی الحال حکومت میں ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔