سرینگر//
پیر کے روز سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام سمیت وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں رک رک برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں تاہم دوپہر کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوئی جبکہ شام کو موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی اور بارشیں شروع ہو ئیں ۔
ذرائع کے مطابق وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب ۱۰سینٹی میٹر اور۵ء۳سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ شمالی ضلع کپوارہ میں۵ء۲سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں پیر کو وادی میں ۳مارچ کو بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوستی ہیں اور اس دوران شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری متوقع ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں۴سے۹مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۱۰سے۱۲مارچ تک برف و باراں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ۴مارچ تک اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آبپاشی کرنے سے گریز کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس دوران کہیں کہیں چٹانیں کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں جس کے پیش نظر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں جہاں برفانی تودے آنے کے امکانات رہتے ہیں۔
ادھر گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہونے والی بارش اور برف باری نے جموں وکشمیرمیں خشک سالی کی صورتحال کو بڑی حد تک ختم کر دیا ہے ۔
دریاؤں، ندی نالوں، جھیلوں، چشموں اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں کافی بہتری آئی ہے اور بعض چشمے جو جنوری اور فروری میں۵۰دنوں تک خشک رہنے کی وجہ سے سوکھ گئے تھے ، میں دوبارہ پانی بہنے لگا ہے ۔
کشمیر میں چالیس دنوں پر محیط چلہ کلان کے دوران بھاری برف باری نہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوئی تھی جس سے لوگوں خاص طور پر کسانوں میں گوناگوں خدشات نے جنم لیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں ماہ جنوری اور فروری کے دوران۸۰فیصد بارش کا خسارہ تھا جو گذشتہ برف و باراں سے ۴۲فصد تک پہنچ گیا۔
دریں اثنا مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے ۔
دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت ۹ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۴ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۵ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے ایک اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۷ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔