جموں//
جموںکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے ہالٹی علاقے میں پولیس نے بینک ڈکیتی کے ایک منصوبے کو ناکام بنا کر دو نقب زنوں کو دھر دبوچا۔
پولیس بیان کے مطابق ۲۵؍اور۲۶فروری کی درمیانی شب دو سارق انکوش شرما ولد پرکاش چند ساکن درسو ادھم پور اور سنیل سنگھ ولد دھرم سنگھ ساکن ہالٹی کٹھوعہ نے جموں وکشمیر بینک برانچ کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔
پولیس نے کہاکہ نقب زن سٹرونگ روم کے اندر جانے کی سعی میں تھے کہ پولیس کی پیٹرولنگ پارٹی کوبینک کے اندر مشکوک سرگرمیوں کا شبہ ہوا چنانچہ پولیس ٹیم بھی اندر داخل ہوئی تاہم دونوں نقب زن رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر راہ فرار اختیار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالنے کے بعد نقب زنوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔