جموں//
جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں اہم تجارتی مراکز میں دو ہفتوں کے اندرا ندر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر جموں نے ضلع کے تمام کاروباری اداروں کے ذمہ داران سے کہا ہے کہ وہ اعلی معیار کے سی سی ٹی وی کیمروں کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں پر انڈیا پینل کوڈ۱۸۶۰کے سیکشن۱۸۸کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ جموں میں حالیہ چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور مشکوک افراد پر نظر گزر رکھنے کی خاطر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
حکم نامے کے مطابق جموں میں بہت سے ایسے مالیاتی اور کاروباری ادارے اور دیگر نجی دفاتر موجود ہیں جہاں پر سی سی ٹی وی کمیرے نصب نہیں ہیں، ایسے میں زیورات کی دکانیں، پیٹرول پمپ، شاپنگ مال، ریستوراں، ہوٹل، سنیما ہال، شراب اور بیئر کی دکانیں، کھانے پینے کی جگہیں، ریڈی میڈ گارمنٹس کی دکانیں، شو رومز، چھوٹے بازار، تعلیمی ادارے ، عبادت گاہیں اور ہسپتالوں وغیرہ جہاں لین دین نقدی میں ہوتا ہے یا۵۰یا اس سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے کا امکان ہوتا ہے بیرونی علاقوں کا احاطہ کرنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا اہم ہے ۔
اس میں کہاگیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ انسانی جانوں کو لاحق خطرات کو روک کرکاروبار، سیاحت اور معاشرے کی مجموعی ترقی کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔
دریں اثنا جموں کے دکانداروں نے ضلعی ترقیاتی کمشنر کے حکم نامے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جموں صوبے کی معاشی حالات کافی خراب ہے ، دکاندار دن بھر ہاتھ پے ہاتھ دھرے بیٹھے ہوئے ہیں ، اس صورت میں ان کیلئے یہ ناممکن ہے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں۔
دکانداروں نے کہاکہ ایک طرف سرکار نے جی ایس ٹی ، انکم ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس عائد کیا اور اب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ان مطابق سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ہی جموں شہر میں اہم بازاروں اور حساس عمارتوں کے اردگرد سی سی ٹی کیمرے نصب کئے جائیں۔