جموں//
جموں کشمیر کے اکھنور سیکٹر میں دہشت گردوں کے مشتبہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) حملے میں دو فوجی ہلاک ہوگئے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
فوج نے کہا کہ وائٹ نائٹ کور دو بہادر فوجیوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
آئی ای ڈی حملہ اس وقت ہوا جب فوجی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ نصف ’تار بندی‘کی گشت کررہے تھے۔
فوج کا کہنا ہے کہ علاقے پر اپنے فوجیوں کا غلبہ ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
گزشتہ روز راجوری ضلع میں ایل او سی پر فائرنگ سے ایک فوجی شدید زخمی ہوگیا تھا۔ فوجی نوشہرہ سیکٹر کے کلال علاقے میں ایک فارورڈ پوسٹ پر تھا جب اسے ایک گولی لگی۔
حکام نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر فوجی اسپتال لے جایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ فائر دوپہر ۴۰:۲ کے قریب ایل او سی کے پار سے آیا تھا۔
۸فروری کو کیری سیکٹر میں ایل او سی کے پار جنگل سے فوج کے گشتی دستے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تھی، جو بظاہر ایل او سی پار کرنے کے موقع کا انتظار کر رہے تھے۔
بھارتی فوجیوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی اور اس کے بعد علاقے میں سخت نگرانی کے لیے انسداد دراندازی گرڈ کو مضبوط کیا گیا۔
جموں میں لائن آف کنٹرول پر گزشتہ ایک ماہ کے دوران مشکوک افراد کو دیکھا گیا گر چہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری ہے تاہم آئی ای ڈی دھماکے کے بعد فوج کی جانب سے نئے سرے سے ایل او سی کی صورتحال کاجائزہ لیا جارہا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر ‘ منوج سنہا نے اکھنور میں اپنی ڈیوٹی کو سرانجام دیتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سنہا نے کہا ’’ میں اپنے فوج کے بہادروں کی اعلیٰ قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں ۔ ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ اس غم کی گھڑی میں پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔ ‘‘