سرینگر//
پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران۴منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ کی ایک ٹیم نے بونہ پورہ اورن ہال میں ناکے پر ایک آٹو رکشا کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس آٹو رکشا میں سوار تین افراد کی تحویل سے۸ء۲کلو چرس پائوڈر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق ملزمین کی شناخت زبیر احمد ڈار ولد نذیر احمد ڈار ساکن کھنہ بل بٹنگو، مظفر احمد ڈار ولد محمد یوسف ڈار ساکن اورن ہال اور عمر مجید گنائی ولد عبدالمجید گنائی ساکن چی اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن سری گفوارہ کی ایک ٹیم نے چک پوشکری سے پوشکری کی طرف جانے والے ایک مشکوک شخص (جس نے ایک بیگ اٹھایا ہوا تھا) کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ اس شخص نے ناکہ پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پوچھ تاچھ کے دوران اس شخص نے اپنی شناخت محمد شفیع گنائی ولد مرحوم غلام احمد گنائی ساکن چک پوشکری کے طور پر کی۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے۴۵۸ء۱کلو بھنگ پائوڈر بر آمد کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ اور پولیسا سٹیشن سری گفوارہ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے درج کئے گئے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔