جموں/ 10 جنوری
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج سول سکریٹریٹ میں جموں و کشمیر رائٹ ٹو انفارمیشن (آر ٹی آئی) آن لائن پورٹل کا آغاز کیا، جو حکمرانی میں شفافیت اور احتساب کو بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر سریندر کمار چودھری، کابینی وزراءسکینہ ایٹو، جاوید احمد رانا اور جاوید احمد ڈار نے شرکت کی۔ چیف سکریٹری اٹل ڈولو، چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیرج گپتا، انتظامی سکریٹری اور سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اپنے خطاب میں چیف منسٹر عمر عبداللہ نے پورٹل کی تیاری میں شامل افسران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہریوں کے لئے آر ٹی آئی درخواست کے عمل کو آسان بنانے میں اس کی تبدیلی کی صلاحیت پر زور دیا۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ یہ اقدام آر ٹی آئی قانون کے تحت سرکاری معلومات تک آسان رسائی فراہم کرے گا ، شہریوں کو تیز تر ، زیادہ شفاف اور لاگت موثر میکانزم کے ساتھ بااختیار بنائے گا۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس اقدام کی وسیع پیمانے پر تشہیر کو یقینی بنائیں تاکہ پورے جموں و کشمیر کے شہری اس کے فوائد سے آگاہ ہوسکیں۔
نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی) جموں و کشمیر کے ذریعہ تیار کردہ یہ پورٹل مینوئل سے آن لائن آر ٹی آئی درخواستوں کی طرف منتقلی کا تعارف کراتا ہے۔ یہ منتقلی شہریوں کو آر ٹی آئی درخواستیں جمع کرنے، ان کی حیثیت کو ٹریک کرنے اور الیکٹرانک طور پر جوابات وصول کرنے کے قابل بناتی ہے، جس سے سرکاری دفاتر میں جسمانی دوروں کی ضرورت ختم ہوجاتی ہے۔
اس سے قبل جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کے سکریٹری ایم راجو نے پورٹل کی خصوصیات پر ایک پریزنٹیشن پیش کی ، جس میں اس کی رسائی ، سہولت ، پروسیسنگ کی رفتار ، لاگت کی کارکردگی اور احتساب کو فروغ دینے میں کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
راجو نے پورٹل کی اہم فعالیتوں کا خاکہ پیش کیا ، جس میں اس کا صارف دوست انٹرفیس ، آر ٹی آئی ورک فلو کو ہموار کرنا اور مضبوط دستاویزی خصوصیات شامل ہیں۔
پورٹل کی ایک منفرد خصوصیت درخواست دہندگان کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعہ مستقبل کے حوالہ کے لئے رجسٹریشن نمبر جاری کرنا ہے ، جس سے آر ٹی آئی درخواستوں کی آسانی سے ٹریکنگ ممکن ہوتی ہے۔
یہ پورٹل 61 سرکاری محکموں، 272 نوڈل افسران / پبلک اتھارٹیز، 720 فرسٹ اپیلیٹ اتھارٹیز (ایف اے اے) اور 3,419 سینٹرل پبلک انفارمیشن آفیسرز (سی پی آئی اوز) اور پبلک انفارمیشن آفیسرز (پی آئی اوز) کو مربوط کرتا ہے، جس سے جامع کوریج کو یقینی بنایا جاتا ہے اور شہریوں کو حکومت کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔