جموں/۱۰جنوری
جموں کشمیر کے ضلع رام بن میں گذشتہ شام قومی شاہراہ پر پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں سوپور سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں کی موت ہوئی ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سری نگر جا رہی ایک ٹرک ‘جس میں لوہے کی سلاخیں لدی ہوئی تھیں، رام بن میں گذشتہ رات بیٹری چشمہ کے نزدیک سڑک سے لڑھک کر ۵سو سے۷سو تک کی کھائی میں جا گرا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس ، ایس ڈی آر ایف ، ٹریفک پولیس اور سول کیو آر ٹی رام بن کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ، لیکن گہرے اور خطرناک علاقے کی وجہ سے آپریشن صبح تک معطل کردیا گیا تھا۔
عہدیداروں کے مطابق ریسکیو آپریشن صبح دوبارہ شروع کیا گیا اور دونوں ٹرک مسافر گہری کھائی میں مردہ پائے گئے۔
ریسکیو آپریشن کی قیادت کرنے والے بشیر احمد ماگرے نے بتایا کہ ٹرک ۰۰۷ فٹ گہری کھائی میں گر گیا اور تباہ شدہ ٹرک کے ملبے کے ارد گرد دو لاشیں موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں لاشوں کو ڈی ایچ رام بن منتقل کردیا گیا ہے۔
متوفین کی شناخت یاسر احمد اور دانش احمد پسران امتیاز احمد خان ساکن چجہامہ رفیع آباد سوپور کے طور پر کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔