سرینگر/۱۰مئی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا فوری اور مکمل جنگ بندی کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر یہ اعلان کیا جس کا سکرین شاٹ انھوں نے بعد میں ایکس پر بھی پوسٹ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’میں دونوں ممالک کو ہوش مندی اور عقل مندی کا مظاہرے کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔‘
ادھرپاکستان کے وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔
ڈار نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے کوشاں رہا ہے اور اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔‘
خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل امریکی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان دیا تھا۔
تاحال انڈیا کی جانب سے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔