سرینگر/۳جنوری
ضلع انتظامیہ سرینگر نے محکمہ موسمیات کشمیر کی پیشگوئی کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے اور خلل کو کم سے کم کیا جاسکے۔
سرینگر انتظامیہ نے ایم ایچ اینڈ ای ڈی، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، ایس ایم سی، کے پی ڈی سی ایل، جل شکتی، صحت اور میڈیکل ایجوکیشن محکموں سے کہا ہے کہ وہ برف کی صفائی اور متعلقہ کاموں کے لئے ضروری لاجسٹک انتظامات کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ان تمام محکموں کا فیلڈ عملہ فوری مدد فراہم کرنے کےلئے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں موجود رہے گا۔
انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ڈی ای او سی) بھی قائم کیا ہے اور عوام سے کہا ہے کہ وہ ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ محکمے سے رابطہ کریں۔
اس سے قبل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سرینگر مختار احمد نے بتایا کہ 4 سے 6 جنوری تک برفباری کی پیش گوئی کی گئی تھی جس کے بعد محکمہ نے پہلے ہی کچھ علاقوں کے لئے 4 اور 5 جنوری کے لئے یلو اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ4 جنوری سے 6 جنوری کی صبح تک برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں میں معتدل سے شدید برفباری ریکارڈ کی جائے گی جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔
احمد نے کہا کہ جموں کے میدانی علاقوں میں 4 سے 6 جنوری کے دوران ریکارڈ بارش ہوگی جبکہ چناب کے علاقوں میں برفباری ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے کہا کہ 6 جنوری سے 10 جنوری تک موسم خشک رہے گا جبکہ 7 جنوری سے سردی کی لہر اور گھنے موسم کا امکان ہے۔
احمد نے کہا کہ برف جمع ہونے کے پیش نظر انہوں نے پہلے ہی کچھ اضلاع میں یلو اور اورنج الرٹ جاری کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا امکان ہے جبکہ 5 جنوری کو زمینی اور فضائی آمدورفت میں خلل پڑ سکتا ہے۔