نئی دہلی/ 19 دسمبر
جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور ریاست کا درجہ جلد بحال کرنے سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اگست 2019 میں سابق ریاست کی تنظیم نو کے بعد مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے پہلے وزیر اعلی کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے بعد عبداللہ کی مرکزی وزیر کے ساتھ یہ دوسری ملاقات ہے۔
عمرعبداللہ جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ جلد بحال کرنے کے بارے میں پرامید ہیں اور ممکنہ طور پر ایک ممکنہ ٹائم لائن پر کام کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ ٹرانزیکشن آف بزنس رولز (ٹی بی آر) پر بھی وضاحت طلب کریں گے تاکہ مختلف محکموں پر منتخب حکومت کے اختیارات کا واضح ادراک حاصل کیا جا سکے۔
چہارشنبہ کے روز عبداللہ نے کہا تھا کہ ریاست کا درجہ بحال کرنے سمیت بہت سے مسائل ہیں جن پر انہیں مرکزی وزیر داخلہ سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔
عمرعبداللہ نے کہا”بہت سے مسائل ہیں جن پر مجھے وزیر داخلہ سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ فی الحال جموں و کشمیر ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے اور ہم ریاست کے درجہ کی توقع کر رہے ہیں“۔
کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے زیر اہتمام 18 ویں سالانہ ٹورازم سمٹ 2024 کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ایک مختلف کردار ہے۔
اس سے قبل عبداللہ نے 16 اکتوبر کو عہدہ سنبھالنے کے بعد قومی راجدھانی کے اپنے پہلے دورے کے دوران 23 اکتوبر کو شاہ سے ملاقات کی تھی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ اس ملاقات کو ایک خیرسگالی ملاقات کے طور پر دیکھا جارہا ہے ، لیکن عبداللہ نے مرکزی وزیر داخلہ کو صورتحال سے آگاہ کیا اور ریاست کا درجہ بحال کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ (ایجنسیاں)