سرینگر//
سابیئر پولیس کشمیر زون نے اکیس لاکھ روپیوں کے ایک ڈیجیٹل معاملے کو حل کرکے تین افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے چار لاکھ روپیے نقدی ضبط کئے ۔
ایس ایس پی سری نگر امتیاز احمد نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ سری نگر کے ایک سینئر شہری نے تحریری طورپر شکایت درج کرائی کہ انہیں ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا اور سی بی آئی اہلکاروں کے طورپر ظاہر کرنے والے جعلسازوں نے ۲۱لاکھ روپیہ کا چونا لگایا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ جعلسازوں نے متاثرہ شخص پر ۸ء۶کروڑ روپیہ کی فرضی منی لانڈرنگ کے ایک کیس میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ۔
ایس ایس پی کے مطابق متاثرہ شخص نے خوف کے باعث فکسڈ ڈپازٹس سے۲۱لاکھ روپیہ ایچ ڈی ایف سے بینک اکاونٹ میں جمع کئے جبکہ جعلسازوں نے سینئر شہری کو یقین دہانی کرائی کہ رقم چند گھنٹوں کے اندرا ندر واپس کر دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تفتیش کا آغاز کیا۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس کی ٹیموں نے اترپردیش، دہلی اور پنجاب میں چھاپے مارے اور گورو کمار ساکن یو پی، گرپریت سنگھ ساکن پنجاب اور اجول چوہان ساکن پٹیالہ کی گرفتاری عمل میں لائی۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چار موبائیل فون، ایک میک بک۱۳سم کارڈ‘۲۴ڈیبٹ کارڈ‘۲۰چیک بک۱۰پاس بک اور دیگر مشتبہ مواد برآمدکرکے ضبط کیا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کے بینک کھاتے میں۱۳ء۴لاکھ روپیہ واپس جمع کئے گئے ہیں۔
ایس ایس پی سری نگر کا کہنا ہے کہ معاملے کی بڑی پیمانے پر تحقیقات جاری ہے تاکہ دیگر ملزمان کو بھی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے ۔
پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے بہکاوے میں نہ آئے اور نہ ہی کسی کو پیسے وغیرہ دیں کیونکہ سرکاری ادارے کھبی بھی ادائیگوں کا مطالبہ نہیں کرتے ہیں۔
شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کے بارے میں فوری طورپر سابیئر پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کریں تاکہ آن لائن دھوکہ بازوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے ۔