نئی دہلی//
دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو ضلع جج سے درخواست کی کہ وہ جموں کشمیر دہشت گردی کی فنڈنگ کے معاملے کو قانون سازوں کے خلاف مقدمہ چلانے کیلئے نامزد عدالت کو منتقل کر دیں۔
ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ، جو رشید کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر بھی حکم دینے والے تھے، نے معاملے کی فائل ضلع جج کو بھیج دی، جو ممکنہ طور پر۲۵ نومبر کو معاملے کی سماعت کریں گے۔
این آئی اے کی جانب سے دائر کیس اور رشید کی ضمانت کی درخواست کے علاوہ جج نے منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کو خصوصی عدالت میں منتقل کرنے کی بھی سفارش کی۔
رشید لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ حلقہ سے منتخب ہوئے تھے اور۲۰۱۷ کے دہشت گردی فنڈنگ معاملے میں این آئی اے کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں (روک تھام) ایکٹ کے تحت گرفتار کیے جانے کے بعد سے ۲۰۱۹سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
این آئی اے اور ای ڈی کی جانب سے درج دونوں معاملوں میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے لشکر طیبہ کے سربراہ اور۲۶/۱۱ ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید، حزب المجاہدین کے رہنما سید صلاح الدین اور دیگر شامل ہیں۔
این آئی اے کی ایف آئی آر کی بنیاد پر ای ڈی نے ملزمین کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا۔
این آئی اے نے ملزمین کے خلاف حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنے کی سازش کرنے اور وادی کشمیر میں بدامنی پھیلانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔