سرینگر/۲۱نومبر
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ عوام اور میڈیا دونوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے کی گئی کسی بھی غلطی کے لیے حکمران جماعت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اقتدار میں رہنے والوں سے سوال کرنے میں خوف کا دور ختم ہو چکا ہے ۔
این سی صدر نے ان باتوں کا ظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
گوتم اڈانی کے خلاف امریکی پراسیکیوٹرز کے الزامات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا”جے پی سی کے مطالبے میں کوئی شک نہیں ہے میں امید کرتا ہوں کہ مرکزی حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے لے گی اور اس کی صحیح جانچ کرے گی یہ کیسے ہوا اور اس کی وجوہات کیا ہیں“۔
فاروق عبداللہ نے کہا”ہر چیز کی آہستہ آہستہ جانچ کی جائے گی، جس میں 3000 کروڑ روپے کے جل شکتی گھوٹالے کی‘جس کی اطلاع ایک افسر نے دی ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا”یہ عمر عبداللہ کی حکومت ہے اور لوگوں کو سب کچھ جاننے کا حق حاصل ہے “۔
این سی صدر نے کہا”میں سمجھتا ہوں کہ غریبی اور بے کاری بڑھ رہی ہے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ ان مسائل کو دور کرے “۔
ڈاکٹر فاروق کا کہنا تھا کہ میڈیا آج آزاد ہے اس کو چاہئے کہ وہ ہماری غلطیوں کی نشاندہی کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں نے ووٹ دیا اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم ان کے کام کریں۔
رکن پارلیمان آغا روح اللہ کے ایک بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا”وہ بھی میرے ہی رکن پارلیمان ہیں اور یہ ایک اچھی بات ہے ۔“