دھولے//
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ جموں کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل۳۷۰ کو بحال نہیں کیا جائے گا، بھلے ہی کانگریس کی سینئر رہنما اور آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی آسمان سے اتر جائیں۔
بی جے پی کے اسٹار کمپینر نے مسلم ریزرویشن کو لیکر کانگریس کو گھیرنے کی کوشش کی اور مرکزی اپوزیشن پارٹی پر ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو جان بوجھ کر برسوں تک روکنے کا الزام لگایا۔
شمالی مہاراشٹر کے دھولے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو یاد رکھنا چاہئے کہ اگر ان کی چوتھی نسل بھی آ جائے تو بھی مسلمانوں کو دلتوں، آدیواسیوں اور دیگر پسماندہ ذاتوں کیلئے ریزرویشن نہیں ملے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا’’کچھ دن پہلے علما نے کانگریس پارٹی کے صدر سے ملاقات کی اور کہا کہ مسلمانوں کو (نوکریوں اور تعلیم میں) ریزرویشن دیا جانا چاہیے۔ اگر مسلمانوں کو ریزرویشن دینا ہے تو ایس سی/ ایس ٹی/ او بی سی کے ریزرویشن میں کٹوتی کرنی ہوگی۔ راہل بابا، نہ صرف آپ بلکہ اگر آپ کی چار نسلیں بھی آنے والی ہیں تو وہ ایس سی/ ایس ٹی/ او بی سی کے لئے مختص کوٹہ میں کٹوتی نہیں کر سکتے اور اسے مسلمانوں کو نہیں دے سکتے‘‘۔
شاہ نے واضح کیا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے ذریعہ ۲۰۱۹ میں منسوخ کردہ آرٹیکل۳۷۰ کو کسی بھی حالت میں بحال نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا ’’بی جے پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ اگر اندرا گاندھی آسمان سے واپس بھی آتی ہیں تو بھی دفعہ ۳۷۰ کو بحال نہیں کیا جائے گا‘‘۔
رائے بریلی سے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے شاہ نے ان کی پارٹی پر جھوٹے وعدے کرنے اور لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔
ان کاکہنا تھا’’حال ہی میں راہل گاندھی کو بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کی کاپی لہراتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں حلف لیتے وقت اسی کاپی کا استعمال کیا تھا۔ جب کچھ صحافیوں نے اس کاپی پر ہاتھ ڈالا تو اس میں خالی صفحات تھے۔ جعلی آئین دکھا کر راہل گاندھی نے لوگوں کا بھروسہ توڑا اور بابا صاحب کی توہین کی۔ ایسا لگتا ہے کہ آپ نے کبھی آئین نہیں پڑھا، راہل بابا‘‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سونیا منموہن حکومت نے ووٹ بینک کی سیاست کی وجہ سے۱۰ سال (۲۰۰۴ تا۲۰۱۴) تک نکسل ازم اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہیں کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ’’کانگریس کی پوری سیاست دھوکہ دہی پر چلتی ہے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ (جون ۲۲۰۲ میں) مہایوتی حکومت کی تشکیل کے بعد، مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کم ہو گئی ہے۔ سچ یہ ہے کہ (وزیر اعلیٰ) ایکناتھ شندے اور (ڈپٹی چیف منسٹر) دیویندر فڈنویس کی حکومت بننے کے بعد ہمارا مہاراشٹر ہندوستان میں ایف ڈی آئی کے بہاؤ میں نمبر ایک ریاست ہے‘‘۔
شاہ نے کانگریس پر ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو جان بوجھ کر برسوں تک روکنے کا الزام لگایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے رام مندر تعمیر کیا اور وارانسی میں کاشی وشوناتھ کوریڈور بھی تعمیر کیا جسے مغل بادشاہ اورنگ زیب نے منہدم کردیا تھا۔ اب آپ کو گجرات جانے کیلئے تیار رہنا چاہئے کیونکہ سومناتھ مندر بھی سونے سے بنایا جا رہا ہے۔
شاہ نے کہا کہ مودی نے ملک کو محفوظ اور خوشحال بنایا ہے۔