سرینگر//
جموں کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں مشتبہ ملی ٹنٹوںنے جمعرات کو ویلیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کے دو اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
ایک مقامی خبر رساں ادارے نے عہدیداروں کے حوالے سے خبر دی ہے کہ محافظ کلدیپ کمار ولد امر چند اور نذیر احمد ولد محمد خالد ‘جو دونوںاوہل کنٹوارہ کے رہائشی تھے‘کو اغوا کیا گیا اور بعد میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
ملی ٹنٹ گروپ ’کشمیر ٹائیگرز‘ نے ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے دونوں کی مبینہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
ویلیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جی) جموں کشمیر میں ایک سویلین ملیشیا ہے جو رہائشیوں کو ملی ٹنٹوںسے بچانے کے لئے تشکیل دی گئی ہے۔
دریں اثنا شمالی کشمیر کے سوپور کے سگی پورہ علاقے میں جمعرات کی شام محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران فائرنگ کی کچھ آوازیں سنی گئیں۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے ایک مقامی خبر رساں رساں ایجنسی کو بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے آج شام سگی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
افسرنے بتایا کہ تلاشی کے دوران کچھ گولیوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد علاقے کے ارد گرد سیکورٹی سخت کردی گئی۔