سرینگر//
حکومت نے دسویں سے بارہویں جماعت کیلئے نومبر،دسمبر کے تعلیمی سیشن کو بحال کرنے کیلئے چہارشنبہ کے روز جمونکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن( جے کے بی او ایس ای) کو فروری ۲۰۲۵سے ان کلاسوں کے امتحانات منعقد کرنے اور مارچ کے آخر تک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے یہ بھی حکم دیا کہ آٹھویں جماعت کا سالانہ امتحان متعلقہ اسکولوں کے ذریعہ تعلیمی سال۲۰۲۵۔۲۰۲۵؍اور اس کے بعد سے منعقد کیا جائے گا۔
اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری سریش کمار گپتا نے اس سلسلے میں حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو نویں جماعت تک کی کلاسوں کیلئے نومبر،دسمبر سیشن کو نافذ کرنے کے لئے کہا ہے۔
گپتا نے ایک حکم میں کہا’’وزرا کی کونسل کے مطابق پچھلے تعلیمی کیلنڈر (نومبر،دسمبر سیشن) کو بحال کرنے کی منظوری دی جاتی ہے جو کشمیر خطے اور جموں کے سرمائی زون کے سلسلے میں کیا جائے گا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ سیشن ۲۰۲۴۔۲۰۲۵ کیلئے پچھلے تعلیمی کیلنڈر (نومبر،دسمبر سیشن) کی بحالی پہلی سے نویں جماعت کے سلسلے میں کی جائے گی جن کے امتحانات نومبر، دسمبر۲۰۲۴ کے مہینوں کے دوران ہوں گے۔
گپتا نے کہا کہ ۱۰ویں سے ۱۲ ویں کلاس کے طلباء کیلئے تعلیمی سیشن (نومبر،دسمبر سیشن تک) کی بحالی تعلیمی سیشن ۲۰۲۵۔۲۰۲۶ سے کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ تعلیمی سیشن کیلئے جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن ۱۰ ویں اور۱۲ ویں جماعت کے امتحانات ۱۵فروری۲۰۲۵ سے شروع کرنے کی کوشش کرے گا اور مارچ ۲۰۲۵ کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا۔
گپتا نے کہا کہ آٹھویں جماعت کے امتحانات کیلئے متعلقہ اسکولوں کے ذریعہ تعلیمی سیشن۲۰۲۴۔۲۰۲۵اور اس کے بعد سے آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔