’جب ریاستی درجہ بحال ہو گا تو اُس کا بھی یوم تاسیس منائیں گے ‘پانچ برسوں سے امن اور ترقی کا دور رہا‘
سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ اس حقیقت سے کسی کو انکار نہیں ہونا چاہئے کہ جموں کشمیر ابھی یونین ٹریٹری ہی ہے ۔
سنہا نے کہا کہ جب جموں کشمیر دوبارہ ریاست بن جائے گی تو ہم اس کا بھی یوم تاسیس منائیں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں یونین ٹریٹری فائونڈیشن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
نیشنل کانفرنس کے اس تقریب میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’ہر کوئی نہیں آسکتا ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ جموں وکشمیر ابھی یونین ٹریٹری ہی ہے یہ حقیقت ہم سب کو ماننی چاہئے ‘‘۔
سنہا نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ جن لوگوں نے جموں کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہونے کے دوران آئین کی پاسداری کی قسم کھائی تھی انہوں نے اس تقریب میں حصہ نہیں لیا اور یہ’کردار کے دوغلے پن‘ کی عکاسی کرتا ہے۔
ایل جی نے کہا’’وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے وعدہ کیا ہے کہ پہلے اسمبلی حلقوں کی سر نو حد بندی پھر الیکشن اور اس کے بعد مناسب وقت پر ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا‘‘۔
سنہا کا کہنا تھا’’وزیر اعظم جب یوگا ڈے پر یہاں آئے تھے تو اس وقت بھی انہوں نے کہا تھا کہ چنائو کے بعد جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کو مناسب وقت پر بحال کیا جائے گا‘‘۔
ایل جی نے کہا کہ جموںکشمیر میں گذشتہ پانچ برسوں سے یونین ٹریٹری فائونڈیشن ڈے منایا جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر جب دوبارہ ریاست بنے گی تو اس وقت ہم اس کا بھی یوم تاسیس منائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر عظم نریندر مودی کی قیادت میں جموںکشمیر میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و آشتی اور ترقی کا دور رہا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںکشمیر میں جمہوریت کا تہوار الیکشن پچھلے دنوں اختتام پذیر ہوئے جن میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انہوں نے کہا’’مجھے امید ہے کہ منتخب حکومت لوگوں کی امیدوں کے مطابق کام کرے گی‘‘۔
پنچایتی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا’’پنچایتی راج اداروں اور لوکل باڈیز نے جموں وکشمیر کی ترقی میں بڑا رول ادا کیا، ان انتخابات کے انعقاد کے لئے بھی تیاریاں ہو رہی ہیں‘‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’میری تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ جتنا امن قائم رہے گا اتنی ترقی ہوگی، کسی کو بھی امن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔‘‘
اس سے پہلے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج سری نگر میں جموں و کشمیر یو ٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں جموں کشمیر کے لوگوں کو مبارک باد دی۔ اُنہوں نے سماج کے ہر طبقے، پولیس، سیکورٹی فورسز، اِنتظامی اِداروں اور تمام شراکت داروںکا جموں و کشمیر کی ترقی میں ان کے تعاون اور ایک محفوظ اور خوشحال جموںوکشمیر یوٹی کے لئے انتھک محنت کرنے کے لئے شکریہ اَدا کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے امن، ترقی اور خوشحالی کی سمت جموں و کشمیر کے غیر معمولی سفر کا اِشتراک کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے گزشتہ پانچ برسوں کی کامیابیاں وزیر اعظم نریندر مودی کی جموں و کشمیر کے عوام کے تئیں وابستگی کا ایک رپورٹ کارڈ ہے۔
سنہا نے کہا ’’ مجھے خوشی ہے کہ آج جموں و کشمیر قومی سطح پر فخر کے ساتھ کھڑا ہے ، خود انحصاری اور خود اعتمادی سے بھراہوا ہے ۔ تمام شعبوں میں تیز رفتار ترقی کے لئے ایک مضبوط بنیاد رکھی گئی ہے۔ہم نے وزیر اعظم کی قیادت میں عوام کی اُمنگوں کو پورا کیا ہے۔‘‘
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ترقی پسند پالیسیوں اور اِصلاحات اور جموں و کشمیر کے مختلف شعبوں میں رجسٹرڈ غیر معمولی ترقی کو اُجاگر کیا۔
ایل جی نے کہا کہ ہماری معاشی بنیادیں مضبوط ہیں۔جموںوکشمیر یوٹی کو امن، استحکام، قانون کی حکمرانی اور وقت کی آزمودہ جمہوری اَقدار سرمایہ کاری کی ایک پرکشش منزل بناتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سرمایہ کاروں کا اعتماد گزشتہ ۴برسوں میں سرمایہ کاری کی اَب تک کی سب سے زیادہ آمد سے ظاہر ہوتا ہے۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں نئی صنعتی ترقیاتی سکیم کی توسیع کے لئے اَپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بینکنگ سیکٹر میں درج کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بینک یوٹی کی سب سے بڑی کامیابی کی داستانوںمیں سے ایک ہے۔
ایل جی نے کہا کہ سال۲۰۔۲۰۱۹ ء میں بینک کو ۱۱۳۹ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے جبکہ سال ۲۴۔۲۰۲۳ میں اس نے۱۷۰۰ کروڑ روپے کا منافع رِپورٹ کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مالی برس میں جموں و کشمیر بینک کو۹۹۱کروڑ روپے کا منافع ہوا ہے۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے متحد رہنے، ملک دشمن عناصر اور امن میں رخنہ اور خلل ڈالنے والوں کی نشاندہی اور انہیں الگ تھلگ کر نے کی اپیل کی۔
سنہانے جموں و کشمیر کی ترقی میں پنچایتی راج اِداروں ، یو ایل بی اور منتخب نمائندوں کے اہم رول اور شراکت پر بھی بات کی۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر میں جلد ہی پنچایتی راج اِنتخابات ہوں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ میرا خواب ہے کہ ہرکنبہ خوشحال ہواور بنیادی ڈھانچے، صنعتوں کی تیز تر ترقی اور ترقی کے ثمرات ہر فرد تک پہنچیں۔‘‘
اِس موقعہ پر مختلف سرکاری سکیموں کے تحت اِستفادہ کنندگان نے اَپنی کامیابی کی داستانوں کا اشتراک کیا۔
اِس تقریب میں جموں و کشمیر کے شاندار ثقافتی ورثے کا جشن منانے والے فنکاروں کی متاثر کن پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔
اِس موقعہ پر رُکن پارلیمنٹ غلام علی کھٹانہ، الیکشن کمشنرجے اینڈ کے بی آر شرما، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، اِنتظامی سیکرٹریز، سیکورٹی فورسز، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز شہری موجود تھے۔