سرینگر//
سونہ مرگ میں ہوئے ملی ٹینٹ حملے کے بعد کشمیر صوبے میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ وادی میں سیکورٹی بندوبست کو مزید چوکس و سخت کردیا گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق سونہ مرگ حملے کے بعد وادی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے ۔
وادی میں جہاں سیکورٹی فورسز کے گشت کو بڑھا دیا گیا ہے وہیں گاڑیوں اور راہگیروں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔
گرمائی دارلخلافہ سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے ۔
وسطی ضلع گاندربل میں چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور سونہ مرگ کی طرف فی الحال کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میں پولیس کے سینئر آفیسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سونہ مرگ حملے میں ملوث افراد کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملوثین کو انجام تک پہنچانے کی خاطر تمام تر وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا۔