سرینگر//
بارہمولہ پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈائون کے دوران۱۴۷بائیکرز کے خلاف مقدمے درج کئے اور۷۵موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی بارہمولہ محمد زید ملک کی ہدایت پر پولیس نے ٹریفک کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے ایک جامع مہم شروع کی جس کے نتیجے میں حالیہ مہینوں میں متعدد حادثات اور ہلاکتیں ہوئیں۔
ترجمان نے کہا’’اس دوران موٹر سائیکلوں پرتین سواریاں اٹھانے والوں،بغیر ہلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں،تیز اور لاپرواہی سے گاڑیاں چلانے والوں پر توجہ مرکوز تھی‘‘۔
بیان میں کہا گیا’’پولیس نے علاقے میں کریک ڈائون کے دوران تین سواریاں اٹھانے اور ہلمٹ نہ لگانے پر ۷۵موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے۱۴۷؍افراد کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے درج کئے گئے ‘‘۔
ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو روکنا، قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کیلئے روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا اور مستقبل میں خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے روک کا کام کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس آگے بھی اس کی طرح کی مہم جاری رکھے گی۔