سرینگر//
پہاڑی علاقوں میں تازہ ہلکی برف باری کے بعد وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
ایک ترجم نے کہا کہ وادی میں۱۶؍اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔اس دوران وادی میں کپوارہ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۵ء۷ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۷ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۴ء۱ ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
جنوبی کشمیر کے کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
اس دوران لداخ میں بدھ کی رات موسم کی پہلی برفباری ہوئی جس سے سرد صحرا کے پہاڑوں کو سفید رنگ مل گیا۔
ماہرموسمیات سونم لوٹس کے مطابق لیہہ شہر سے ملحقہ گاؤوں سمیت لداخ کے کئی مقامات پر برفباری ہوئی‘حالانکہ، پیشگوئی میں کہا گیاتھا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں اس مہینے کی ۲۵تاریخ تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔










