جموں/۷اکتوب
جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے پیر کے روز کہا کہ ان کی پارٹی 35 نشستیں حاصل کرکے خطے میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرے گی اور ہم خیال اور آزاد امیدواروں کی مدد سے حکومت بنائے گی۔
رینا نے یہ بھی کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ پانچ ایم ایل اے کی نامزدگی تنظیم نو ایکٹ کے مطابق کی جارہی ہے۔
رینا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہمیں جموں و کشمیر میں 35 نشستیں جیتنے کا یقین ہے اور آزاد امیدواروں اور ہم خیال گروپوں کی حمایت سے ، جو تقریبا ً15 نشستیں حاصل کریں گے ، ہم حکومت بنانے کے لئے 50 کے اکثریتی نشان کو عبور کریں گے۔
رینا نے کہا”عوام نے ہمیں ووٹ دیا ہے، ترقی اور امن کے لئے ہمارے وڑن کی توثیق کی ہے“۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہے اور”وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریلیوں میں بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی سے ہماری پارٹی کے لئے زبردست عوامی حمایت واضح طور پر اشارہ کرتی ہے کہ لوگوں نے بی جے پی کو ووٹ دیا ہے“۔
رینا نے کہا کہ ان انتخابات میں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا جس سے بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن جائے گی۔
پارٹی اتحاد کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 15 آزاد اور ہم خیال امیدواروں کی حمایت کی ہے لیکن ہمارا انجینئر رشید کی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ (آزاد اور ہم خیال گروپ) جیت حاصل کریں گے۔ ہم جموں و کشمیر میں سب سے بڑی ووٹ والی پارٹی ہوں گے۔
ووٹوں کی گنتی سے پہلے بی جے پی اپنے ہیڈکوارٹر میں ایک اہم میٹنگ کر رہی ہے، جس میں سینئر لیڈر ترون چغ اور رام مادھو شریک ہوں گے۔
جموں و کشمیر اسمبلی کے لئے پانچ ممبران اسمبلی کی نامزدگی کے بارے میں انہوں نے کہا”تنظیم نو ایکٹ پارلیمنٹ پہلے ہی منظور کر چکا ہے۔ یہ عمل اسی کے مطابق آگے بڑھے گا…. یہ آئینی عمل کے حصے کے طور پر ایل جی کے ذریعہ انجام دیا جائے گا“۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا نامزدگی کا عمل اگلی حکومت پر چھوڑ دینا چاہیے تھا، انہوں نے کہا”ایل جی جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ قانون کے مطابق ہے۔ یہ تنظیم نو ایکٹ کے مطابق کیا جاتا ہے“۔
جموں و کشمیر کی 90 رکنی اسمبلی کے لئے ووٹوں کی گنتی منگل کو ہوگی۔ (ایجنسیاں)