کیا ’اسے انگور کھٹے ہیں‘ کہتے ہیں؟کیا انگور سچ میں کھٹے ہیں۔ یقین کریں ہمیں نہیں معلوم…فیصلہ آپ کیجئے ‘ ہم کچھ نہیں کہیں گے ۔ اپنی میڈم جی … میڈم محبوبہ جی کی دختر نیک اختر کاکہنا ہے کہ جموں کشمیر کی نئی حکومت بغیر دانت والا شیر ہو گا … اور اس حکومت کا وزیر اعلیٰ ربر مہر ۔یقینا جموں کشمیر کی نئی حکومت اور اس حکومت کے وزیر اعلیٰ کے بارے میں صرف التجا صاحبہ ایسا نہیں کہہ رہی ہیں… اس کے علاوہ بہت سارے لوگوں کا بھی کچھ ایسا ہی سوچنا ہے… ہاں لیکن … لیکن الیکشن… اسمبلی الیکشن کے بعد التجا صاحبہ پہلی سیاستدان ہیں جنہوں نے نئی حکومت اور اس حکومت کے وزیر اعلیٰ کے بارے میں ایسا کہا ہے…کیا محترمہ ایسا اس لئے کہہ رہی ہیں کیونکہ انہیں اپنی جگہ اس بات کا یقین ہوچلا ہے کہ نئی حکومت ان کی نہیں ہو گی… ان کی جماعت کی نہیں ہو گی اور… اور اُس حکومت کا وزیر اعلیٰ بھی ان کی پی ڈی پی کا نہیں ہو گا… بالکل بھی نہیں ہو گا ؟ ہم نہیں جانتے ہیں… بالکل بھی نہیں جانتے ہیں …ہم اگر کچھ جانتے ہیں تو… تو یہ جانتے ہیں کہ… کہ اگر التجا صاحبہ ایسا اس لئے کہہ رہی ہیں کہ انہیں الیکشن میں اپنی پارٹی کی ہار کا یقین ہے تو… تو یہ یقینا انگور کھٹے ہیں والا معاملہ… اگر میڈم جی کی دختر نیک اختر ایسا اس لئے کہہ رہی ہیں کہ واقعی میں ایسا ہونے والا ہے… واقعی میں نئی حکومت بغیر دانت والا شیر ہو گا اور اس کا وزیر اعلیٰ ربر مہر تو… تو پھر جس الیکشن کی کوکھ سے نئی حکومت اور اس حکومت کا وزیر اعلیٰ جنم لے گا … اس الیکشن میں التجاصاحبہ اور ان کی پارٹی نے حصہ کیوں لیا… پھر انہیں انتظار کرنا چاہئے تھا…اُس دن کا انتظار جب… جب جموں کشمیر کی حکومت اور اس حکومت کا وزیر اعلیٰ بغیر دانت والا شیر ہو گا اور… اور نہ ربر مہر… اور صاحب اس مقام تک پہنچنے کیلئے ایک ہی راستہ ہے… واحد راستہ … جس پر تمام سیاسی جماعتیں پہلے ہی چل پڑی ہیں… یعنی الیکشن لڑا ہے… اس کے بعد وہ یقینا ’بغیر دانت والا شیر‘ حکومت بنائیں گے جس حکومت کا وزیر اعلیٰ ایک ربر مہر ہو گا…کیونکہ یہی وہ سیڑھی ہے جس پر چڑھ کر جموں کشمیر کو وہ حکومت واپس مل سکتی ہے جو بغیر دانت والا شیر ہو گا اور نہ اس حکومت کا وزیر اعلیٰ… محض ایک ربر مہر ہو گا ۔ ہے نا؟