سرینگر///
جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر‘ سجاد غنی لون کا کہنا ہے جموں و کشمیر کے لوگ سب سے کمزور اسمبلی کیلئے لڑ رہے ہیں جس کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہیں۔
لون نے کہا کہ جب ہم نے اس سے پہلے الیکشن لڑے تو اس وقت طاقتور ترین اسمبلی کیلئے لڑے تھے ۔
پیپلز کانفرنس کے صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
لون نے کہا’’مجھے بہت خوشی ہے کہ لوگ اپنے نمائندے چننے کیلئے ووٹ ڈال رہے ہیں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یہاں توہین کا بھی ایک عنصر ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’میں نے پہلے ہی کہا ہے کہ پہلے جو الیکشن لڑے ہیں وہ ہم نے ایک طاقتور اسمبلی کیلئے لڑے ہیں لیکن آج جو ہم الیکشن لڑ رہے ہیں یہ کمزور ترین اسمبلی کیلئے ہیں یہ اسمبلی بے اختیار ہوگی‘‘۔
لون نے اپنے حلقے کے لوگوں کو ان کی پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا’’میری پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالیں اور پیپلز کانفرنس کو کامیاب بنائیں۔‘‘