سر نگر//
اپنی سروس کے آخری دن جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) آر آر سوائن نے پیر کے روز لالچوک کی پرتاب پارک میں واقع بلیدن ستمب (شہیدوں کی یاد گار) پر پہنچ کر قوم کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا’’میں نے اپنی تیس سالہ سروس کے دوران یہ کوشش کی ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ ایک ایسے ماحول میں زندگی گذاریں جو خوف و دہشت سے پاک ہو اور میں نے اس کے لئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا‘‘۔
سوائن نے کہا’’ایک پولیس افسر کیلئے بلیدان ستمب کسی عبادت گاہ سے کم نہیں ہے ،ہزاروں کی تعداد میں جوانوں نے قوم کیلئے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں یہ میرا فرض ہے کہ میں اپنی سروس کے آخری دن ان تمام جوانوں کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرو‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’مجھے جموں و کشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع نصیب ہوا، یہ موقع سب کو نصیب نہیں ہوتا ہے میں اس کے لئے خدا، حکومت اور اپنے ساتھیوں کا مشکور ہوں‘‘۔
سبکدوش ہونے والے ڈی جی پی نے کہا’’میں نے پورے خلوص کے ساتھ جموں وکشمیر میں دائمی اور وقار کے ساتھ امن قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی‘‘۔
سوائن نے کہا’’میں نے اپنی سروس کے دوران لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے اور امن، خوشی و خوشحالی لانے کی بھر پور کوشش کی، میں اس کے تمام لوگوں اپنی مائوں، بہنوں ، بھائیوں،بچوں اور بزرگ شہریوں کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ فراہم کیا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’میرا یقین ہے کہ جموں وکشمیر کے ہر شہری کو پر امن ماحول سے لطف اندوز ہونا چاہئے اور خوف و دہشت سے پاک زندگی گذارنی چاہئے میں سمجھتا ہوں کہ میں اس کو یقینی بنانے کیلئے کوئی موقع نہیں ہاتھ سے نہیں جانے دیا‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ ڈی جی پی آر آر سوائن پیر کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ نلن پربھات جموں وکشمیر کے نئے ڈی جی پی ہوں گے ۔