سانبہ//
جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں ایک پل کی تعمیر کیلئے کھودے گئے گڑھے میں کام کے دوران مٹی کا ایک ڈھیر گرنے سے چھ مزدوروں کو بچا لیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ وجے پور علاقے میں پیش آنے والے اس واقعہ میں دو مزدور شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ چھ مزدور دہلی،امرتسر،کٹرا ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام میں شامل تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ دیوک ندی پر پل کی تعمیر کے لئے کھودے گئے ایک گہرے گڑھے میں کام کر رہے تھے جب مٹی کا ایک ڈھیر ان پر گر گیا ، جس سے وہ پھنس گئے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
دو گھنٹے کی سخت کوششوں کے بعد چار مزدوروں کو مٹی سے باہر نکالا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ باقی دو مزدوروں کو بچانے کے لئے بھاری مشینری تعینات کی گئی ہے۔
ضلع کمشنر راجیش شرما اور سانبا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ونے کمار شرما موقع پر موجود تھے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔
عہدیداروں کے مطابق چار مزدوروں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے جبکہ دو شدید زخمی ہیں اور انہیں علاج کیلئے جموں کے ایک اسپتال لے جایا گیا ہے۔