سرینگر//
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی )کے سینئر لیڈر‘ رام مادھو نے پیر کے روز کہاکہ ہم خیال سیاسی لیڈروں کے ساتھ مل کر بی جے پی جموں وکشمیر میں حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
مادھو نے کہاکہ کشمیریوں کو خاندانی راج سے نجات دلانے کا بی جے پی نے تہیہ کر رکھا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار بی جے پی لیڈر نے شوپیاں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
مادھو نے کہاکہ جموںکشمیر میں اس بار بی جے پی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیگی کیونکہ لوگ بھارتیہ جنتاپارٹی کے منشور سے کافی خوش نظر آرہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھاجپا ہم خیال سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مل کر جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بنائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مادھو نے کہاکہ کشمیر صوبے میں اس بار بی جے پی نے ۲۰؍امیدواروں کو میدان میں اتارا اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اس بار کشمیر میں بھی کنول کا پھول ضرور کھلے گا۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر کے مطابق بی جے پی کی جانب سے اس وقت شمال و جنوب میں چناوی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہو رہی ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے منشور کو ملک مخالف قرار دیتے ہوئے رام مادھو نے کہاکہ دفعہ ۳۷۰کی واپسی کا خواب دیکھنے والے خیالوں کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔