نئی دہلی//
حج کمیٹی آف انڈیا نے صوبائی حج کمیٹیوں، حج سے وابستہ سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں، پاسپورٹ آفس کی تعطیلات، بعض ریاستوں/ علاقوں میں شدید بارش کے سبب نظام زندگی کا متاثر ہونا اور خود عازمینِ حج کے شدید مطالبے پر حج درخواست فارم جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کی ہے ۔
وزارتِ اقلیتی امور حکومتِ ہند میں ڈائریکٹر اور حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او‘ ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی آئی۔ آر۔ ایس نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے تحت حج پر جانے کے خواہشمند عازمین اب۲۳ستمبر۲۰۲۴تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ یا موبائل پر’حج سوویدھا ایپ‘کے زریعہ آن لائن درخواست بھر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر آفاقی نے درخواست دہندگان کو ہدایتی مشورہ دیا کہ حج فارم درخواست بھرنے سے پہلے گائیڈ لائنز حج۲۰۲۵اور حلف نامہ کا پوری توجہ سے مطالعہ کرلیں۔
سی،ای،او حج کمیٹی آف انڈیا نے خواہشمند عازمین سے گزارش ہے کہ توسیع شُدہ تاریخ تک حج درخواست فارم ضرور جمع کردیں۔ چونکہ اب تاریخ میں توسیع تقریباً نا ممکن ہے ‘ چونکہ وزارۃ حج و عمرہ مملکتِ سعودی عربیہ کی ہدایت و خواہش کے مطابق حج۲۰۲۵کے تمام انتظامی امور اکتوبر تک مکمل کرلیے جائیں گے ۔
ڈاکٹر آفاقی نے عازمین سے مزید اپیل کی حج ۲۰۲۵کیلئے بنائے گئے نظام الاوقات پر ضرور عمل کریں ۔ تاکہ ویزے کی حصولیابی، رہائش، ہوائی ٹکٹ و دیگر انتظامات وقت پر صحیح سے مکمل ہوسکیں۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی،ای،او نے مزید بتایا اب تک تقریباً ایک لاکھ پندرہ ہزار عازمین حج۲۰۲۵کیلئے رجسٹریشن کر چکے ہیں۔ جس میں مہاراشٹرا گجرات، کیرالا، اترپردیش اور کرناٹک سے بالترتیب سب سے زیادہ عازمین حج کے لیے راجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ جبکہ تقریباً ڈھائی ہزار سے زائد بغیر محرم کے خاتون عازمین کی حج کا رجسٹریشن کرا چُوکیں ہیں۔
ڈاکٹر آفاقی نے کہا ہے کہ عازمین کسی بھی معلومات اور دشواری کے حل کے لیے صرف حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور ریاستی حج کمیٹیوں کے دفاتر سے رابطہ کریں ۔