نئی دہلی// ہاکی انڈیا نے بدھ کو کرشنا پاٹھک اور سورج کرکیرا کو آئندہ ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 کے لیے ہندوستانی ہاکی ٹیم میں گول کیپر کے طور پر شامل کیا ہے۔
ہاکی انڈیا نے آج 8 سے 17 ستمبر تک چین کے شہر ہولن بئیر میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ہرمن پریت سنگھ ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ مڈفیلڈر وویک ساگر پرساد کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔
تجربہ کار گول کیپر پی آر سریجیش کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہندوستانی ٹیم کا یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے۔ کرشنا بہادر پاٹھک اور سورج کرکیرا کو ٹیم میں گول کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ڈیفنس میں، جرمن پریت سنگھ، امت روہیداس، ہرمن پریت سنگھ، جوگراج سنگھ، سنجے اور سمیت ایکشن میں نظر آئیں گے۔
راج کمار پال، نیلکنٹھ شرما، منپریت سنگھ اور محمد راحیل مڈفیلڈ میں اپنے جوہر دکھائیں گے، جبکہ ایک نوجوان فارورڈ لائن حملے کی قیادت کرے گا، جس میں ابھیشیک، سکھجیت سنگھ، اریجیت سنگھ ہنڈل، اتم سنگھ اور ڈیبیو کررہے گرجوت سنگھ شامل ہیں۔
ہندوستانی ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے اس ٹورنامنٹ کو اگلے اولمپکس کی تیاریوں کا آغاز قرار دیا ہے۔
کریگ فلٹن نے کہا کہ ’’یہ ہمارے لیے ایک اہم مہم ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ہم اپنے رینکنگ پوائنٹس کو برقرار رکھ سکیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ پیرس اولمپکس 2024 میں ہماری کارکردگی کے بعد تمام تقریبات کے بعد ٹیم ابھی کیمپ میں واپس آئی ہے۔ ٹیم کے لیے تمام محبت اور تعریف کے ساتھ گزشتہ چند ہفتے واقعی ناقابل یقین رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ حمایت ہماری تمام مستقبل کی مہموں میں جاری رہے گی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہم نے پیرس 2024 میں کھیلنے والی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا ہے، ہم کچھ ایسے نوجوان لائے ہیں جنہوں نے ٹریننگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کے لیے ایشین چیمپئنز ٹرافی میں کھیلنے کا موقع ہے۔
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم 8 ستمبر کو میزبان چین کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی اور اگلے دن جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد اس کا مقابلہ 11 ستمبر کو ملائیشیا اور 12 ستمبر کو جنوبی کوریا سے ہوگا۔ ہندوستان اپنا میچ 14 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔