سرینگر/21 اگست
کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی اور ملکا ارجن کھڑکے بدھ کی شام کوسری نگر پہنچے ، ہوائی اڈے پر کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے لیڈران کااستقبال کیا۔
کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑکے اور راہل گاندھی جوں ہی سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچے تو وہاں پر کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی اورملکا ارجن کھڑکے ہوٹل گرینڈ للت میں قیام کریں گے جہاں پر ان سے ملنے کے لئے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد پہلے سے ہی موجود ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق راہل گاندھی سے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ ملاقی ہونگے جس دوران سیٹ شیئرنگ کے مسئلے پر بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی کے سینئر لیڈران بھی راہل گاندھی کے ساتھ ملاقات کرسکتے ہیں ۔
دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس سے ناراض زائد از ایک درجن لیڈران کی دوبارہ پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ لیڈران راہل گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں دوبارہ شمولیت اختیار کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق راہل گاندھی کا سری نگر دورہ غیر معمولی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ اس دوران متحدہ طور پر اسمبلی الیکشن لڑنے پر پیش رفت ممکن ہے ۔