نئی دہلی//
کانگریس لیڈر‘ پرینکا گاندھی واڈرا نے جموں و کشمیر کے ادھم پور میں جنگجویانہ حملے میں سی آر پی ایف کے ایک انسپکٹر کی موت پر پیر کو تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ایک آواز میں اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔
جموں کے ضلع اودھم پور میں پیر کے روز ایک گشتی پارٹی پر ملی ٹنٹوں کی فائرنگ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا ایک انسپکٹر ہلاک ہوگیا۔
پرینکا گاندھی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ’’جموں کشمیر کے اودھم پور میں ’دہشت گردوں‘ کے ساتھ انکاؤنٹر کے دوران سی آر پی ایف انسپکٹر کلدیپ کمار کے شہید ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اللہ مرحوم کی روح کو سلامتی عطا فرمائے۔ سوگوار خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے۔ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ایک آواز میں اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔‘‘