سرینگر//
شمالی ضلع کپواڑہ کے لالپورہ لولاب علاقے میں آٹو رکشا کی ٹکر سے گیارہ سالہ طالبہ کی موت واقع ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کے روز لالپورہ لولاب میں اس وقت سراسمیگی دوڑ گئی جب ایک آٹو رکشا نے۱۱سالہ اربینہ پرویز دختر پرویز احمد کو بس اسٹینڈ کے نزدیک ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی طالبہ کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکی۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
اس دوران شمالی کشمیر کے ترکانجن بونیار علاقے میں جمعے کے روز نالہ سے ایک لڑکے کی لاش برآمد کی گئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کی سہ پہر چند مقامی افراد نے بونیار اوڑی کے باچھی نالہ میں ایک لاش دیکھی اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔
پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اورلاش کو تحویل میں لے کر اس کی شناخت منان احمد بٹ ولد ظہور احمد بٹ ساکن باچھی ترکانجن کے بطور کی ۔قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔