سرینگر/۵اگست
جموں و کشمیر میں آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کی پانچویں برسی کے پیش نظر سیکورٹی گرڈ کو الرٹ کردیا گیا ہے اور تمام سیکورٹی فورسز کو پیر کو قافلوں کی نقل و حرکت سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ایک پیغام میں پولیس نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ 5 اگست کو سیکورٹی قافلوں کی نقل و حرکت کے بغیر ’ڈرائی ڈے‘منائیں۔
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختلف بیس کیمپوں کے درمیان امرناتھ یاتریوں کے قافلوں کی نقل و حرکت نہیں ہونی چاہئے۔
حالانکہ امرناتھ یاترا کے راستوں اور قومی شاہراہوں کے لئے سڑک کھولنے کی ذمہ داری سونپی گئی ایجنسیوں کو فعال تعیناتی رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مرکزی حکومت نے 5 اگست 2019 کو آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا تھا جس کے تحت جموں و کشمیر کو ہندوستانی یونین کے اندر خصوصی درجہ دیا گیا تھا۔
مرکز جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ بھی لایا جس نے سابق ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں لداخ اور جموں و کشمیر میں تقسیم کردیا۔
جموں و کشمیر کی زیادہ تر سیاسی جماعتیں دفعہ 370 کو ہٹائے جانے کی مذمت کرتی ہیں جبکہ بی جے پی اس تاریخی دن کو منانے کے لئے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تقریبات منعقد کرے گی کیونکہ خصوصی آئینی دفعہ کو منسوخ کرنا پارٹی کا ایک طویل عرصے سے انتخابی وعدہ تھا۔
پانچویں برسی کے لئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کیونکہ سیکورٹی ایجنسیوں کو اس دن دہشت گرد حملوں کے امکان کا خدشہ ہے۔